نیویارک،24ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اعلیٰ ہندوستانی سفارتکار نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں کشمیر مسئلے کوعالمی بنانے کی پاکستان کی کئی ماہ سے چل رہی کوششوں کو عالمی ادارے کے رکن ممالک نے کوئی اہمیت نہیں دی ہے اور وہ دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے بحران پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل نمائندے سید اکبرالدین نے کہا کہ بین الاقوامی برادری میں جس بات کو اہمیت دی جا رہی ہے وہ دہشت گردی کا خطرہ ہے جس کا سامنا ہندوستان کر رہا ہے، نہ کہ کشمیر کا مسئلہ ہے جس پر نواز شریف نے اپنی تقریر میں توجہ مرکوز کی تھی۔انہوں نے کل نامہ نگاروں سے کہا کہ اگر عام بحث میں اب تک 131ممالک نے اپنی بات رکھی ہے، تو ان میں سے 130ممالک نے اس بنیادی مسئلے کا ذکر نہیں کیا ہے جسے پاکستان نے اٹھایا ہے،اس کا کیا مطلب ہے؟۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71ویں سیشن کی اس اعلی سطحی بحث میں اپنی بات رکھنے والے90فیصدممالک نے اس بات پر زور دیا ہے کہ دہشت گردی ان کی بنیادی تشویش ہے۔اکبرالدین نے کہاکہ ہندوستان دیگرممالک سے اسے مل رہی حمایت کو لے کر خوش ہے، زیادہ ممالک دہشت گردی کے شر سے نمٹنے کے لئے اپنی حمایت ظاہرکر رہے ہیں اور اس کے لئے کھڑے ہو رہے ہیں۔